دینی مدارس اسلام کے قلعے اور ہدایت کے سرچشمے ہیں،ذکراللہ مجاہد

72

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے اور ہدایت کے سرچشمے ہیں۔ جمعیت طلبہ عربیہ اسلام کے تحفظ اور قرآن وسنت کی تعلیمات کے فروغ کا عالیٰ شان تنظیم ہے۔دینی مدارس اور اس میں پڑھنے والے طلبہ نے ہمیشہ ہر محاذ پر ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی ہے۔ طلبہ کو اسلام کا تحقیقی علم حاصل کرنے اور اس کو عملاً اپنانے کیلیے جمعیت طلبہ عر بیہ کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کے47 ویںیوم تاسیس کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پنجاب مولانا محمد قاسم اکبر ، منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ لاہورسید احتشام الحق ، رہنما جمعیت طلبہ عربیہ قاری ابراہیم ، سید احتشام الحق شفقت منصوری سمیت بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی ۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ دینی مدارس کے طلبہ کے لیے محدود وسائل کے باوجود اسلام اورجدیدعلوم کے گہر ے مطالعے،اخلاق وکردار کی تطہیر وتعمیر،تحریر ی و تقریری،ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کے فروغ کیلیے مؤثر نظام فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اقامت دین کے جذبے کو فروغ دینے،ملک میں فرقہ واریت کے تدارک اور لادینیت کا راستہ روکنے کیلیے اپنے اخلاق و کردار کا مظاہرہ کریں اور قرآن وسنت کی تعلیمات سے رہنمائی لیں۔ موجودہ حالات میں قوم کی دین سے دوری معاشرتی اور ملکی مسائل کی اصل وجہ ہے۔ وطن عزیز سمیت پوراعالم اسلام آج جن مسائل سے دوچار ہے اس میں جمعیت طلبہ عربیہ کے کارکنان کی ذمے داریاں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہیں کہ وہ اپنی پوری توجہ دینی علوم پر مرکوز رکھنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کے اندر اتحاد و یگانگت اور اقامت دین کی جدوجہد کیلیے ہر وقت تیار رہیں تاکہ اغیار کی تمام سازشیں ناکام اورملک کو اسلامی ، فلاحی اور جمہوری ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔