پنجاب کے پی کے مختلف حادثات و واقعات میں 9 افراد جاں بحق متعدد زخمی

167

اوکاڑہ، رینالہ خورد، عارف والا، نصیر آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، خضدار (اے پی پی) ملک بھر میں مختلف حادثات و واقعات میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اوکاڑہ میں ٹوکہ مشین چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ واقعات کے مطابق رینالہ خورد کے نواحی گاؤں چک 5جی ڈی شاہداد چوچک روڈکا رہائشی نوجوان محمد عباس مویشیوں کے لیے چارہ کاٹنے کے لیے ٹوکہ مشین چلانے لگا تو اس کا کرنٹ لگ گیا جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ عارف والا میں ٹریفک کے المناک حادثے میں 42 سالہ خاتون جاں بحق، بھانجا شدید زخمی ہوگیا۔ نواحی گائوں 38/EB کے نزدیک تیزرفتار کیری ڈبہ نے موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں منظوراں بی بی زوجہ محمد رفیق اور لیاقت علی سکنہ حجرہ شاہ مقیم زخمی ہوگیا، نامعلوم کیری ڈبہ کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا، ریسکیو اہلکاروں نے لاش اور زخمی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال عارفوالا پہنچادیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ عارف والا میں نامعلوم 38 سالہ شخص کی لاش پرائیویٹ اسکول کے پلاٹ سے برآمد، قبولہ روڈ پر پرائیویٹ اسکول دارارقم کے گراسی پلاٹ سے نامعلوم شخص کی لاش ملی، پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا۔ نصیر آباد، جعفر آباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار شہر میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے پپو گاجانی کا نوجوان بھائی پولیس اہلکار دیدار گاجانی جاں بحق ہوگیا۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کیا گیا۔ دوسرے واقع کے مطابق ڈیرہ اللہ یار کے جتوئی کالونی میں بھی بجلی کا کرنٹ لگنے سے 20 سالہ نوجوان علی حیدر جاں بحق ہوگیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان تحصیل کلاچی کے علاقے لونی میں 28 سالہ نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، مقتول کے والد کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج۔ تحصیل کلاچی کے علاقے لونی میں 28 سالہ نوجوان فضل الرحمن ولد امیر حمزہ کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ کلاچی پولیس نے مقتول کے والد کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان تھانہ کلاچی کی حدود میں کنوڑی پتن کے قریب تیز رفتار موٹر کار کی موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار دونوں نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں والدین کی غفلت اور لاپروائی ایک معصوم کی جان لے گئی۔ تحصیل پہاڑ پور کے نواحی علاقے میں 8 سالہ بچہ سی آر بی سی نہر میں ڈوب گیا۔ تحصیل پہاڑ پور میں چشمہ روڈ کڑی خیسور کے گائوں چشمہ پکہ کے قریب والدین کی مبینہ غفلت کے باعث 8 سالا بچہ محمد علی ولد غلام قادر سکنہ چشمہ پکہ CRBC نہر میں ڈوب گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچ گئیں اور لاش کی تلاش کے لیے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔ آخری اطلاعات تک لاش نہیں مل سکی تھی۔ خضدار پولیس کی کامیاب کارروائی، چھاپے میں ایف سی کی وردی میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کا سرغنہ، تین ساتھیوں سمیت فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار، ساڑھے تین تولہ سونا و طلائی زیورات، دو عدد ٹی ٹی پستول، رائونڈ، چار مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد، ملزمان سے انکشافات پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع۔ ایس ایس پی خضدار سعید گل آفریدی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے مہینے میں واقع باجکی کے مقام پر مختار احمد چٹھہ نامی ایک شخص کے گھر میں ایف سی کی وردی میں ملبوس ڈاکو چیکنگ کے بہانے داخل ہوئے اور گھر سے چار لاکھ روپے نقدی، ساڑھے تین تولہ سونا، ایک موبائل فون و دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔