کشمیریوں نے آزادی کیلیے 5لاکھ شہدا پیش کیے ہیں،راجافاضل حسین

115

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل راجا فاضل حسین تبسم نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر 59ممالک نے جنیوا میں نوٹس لے کر بھارت کا گھیرا تنگ کردیا ،کرفیو اٹھانے پر انسانی حقوق کے ادارے عمل درآمد بھی کروائیں ،وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا مجوزہ دورہ مظفرآباد سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوں گے ،وزیر اعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر خان نے جنیوا،برسلز اور امریکا میں بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا ،بھارت کی قابض فوج کا مقبوضہ کشمیر میں قبرستان بنے گا ،کشمیریوں نے آزادی کے لیے 5لاکھ شہداء پیش کیے ہیں وہ جھکنے والے نہیں ،6ہفتوں سے جاری مسلسل کرفیو کے باوجود کشمیری ڈٹے ہوئے ہیں ایسی قوم کو مودی شکست نہیں دے سکتا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری جذبہ آزادی سے سرشار ہیں وہ ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں اور دے رہے ہیں ،آزاد خطے کے عوام اور اہل پاکستان کشمیریوں کی اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں بھارت کو دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کیا جائے گا عالمی برادری اور او آئی سی نوٹس لے ،آزاد خطے کے عوام اور پاکستان میں مقیم مہاجرین مشاورت سے خونی لکیر عبور کر کے اپنے بھائیوں کی مدد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متحد اور متفق ہیں مودی کا مقدر شکست ہے کشمیر کی آزادی بھارت کے حصے بخرے کرنے کا سبب بنے گی کشمیریوں نے کوشش کی کہ وہ پرامن طریقے سے اپنے حق کا استعمال کریں لیکن بھارتی قیادت اور خاص کر انتہا پسند مودی نے پرامن راستے بند کر کے جنگ کے راستے کھول دیے ہیں کشمیری جنگ کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ خطہ بھی ہمارے اسلاف نے جہاد کے ذریعے آزاد کروایا تھا اور شہدا اور غازیوں کے ورثا جہاد کے لیے تیار ہیں ۔