حکومت جہاد کا اعلان کرے ، بھرپور حصہ لیں ،ارشد ندیم

136

پلندری(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیرو چیئرمین امور کشمیر کمیٹی ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آزاد خطے کے عوام منتظر ہیں کہ حکومت جہاد کا اعلان کرے اور وہ اس میں بھرپور حصہ لیں ،آزاد خطے کے عوام نے جہاد کے ذریعے یہ خطہ آزاد کرایا بقیہ کشمیر بھی جہاد سے ہی آزاد ہو گا ،حکومت ہمت کر کے ہمہ گیر جہاد کا اعلان کرے جہاد کی برکت سے نہ صرف کشمیر آزاد ہو گا بلکہ ہٹلر مودی کے بھارت کا نقشہ دنیا سے غائب ہو جائے گا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے متحدہ کونسل تحریک آزادی کشمیر سدہنوتی ٹاہلیان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،متحدہ کونسل تحریک آزادی کشمیر کے جلسہ میں تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہاکہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں 80لاکھ لوگوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں 41روز سے مسلسل کرفیو کی وجہ سے غذائی اجناس ،بچوں کا دودھ،ادویات ناپید ہو چکی ہیں اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے عملی اقدامات کریں ،عملی اقدامات حکومت اور ریڈکریسنٹ کے مشورے سے ہی ہو سکتے ہیں حکومت انسانیت دوست اداروں سے کہے کہ وہ امدادی سامان مقبوضہ کشمیر پہنچائے ،امدادی سامان آزاد خطے کے عوام جمع کریں گے مقبوضہ کشمیر تک پہنچانے کا انتظام وہ کریں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت تک بھارت کرفیو میں نرمی کرنے کے لیے تیار نہیں اور مودی نے 80لاکھ کشمیریوں کو بھوک سے مارنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے ان حالات میں ہماری ذمے داری ہے کہ ہم آگے بڑھ کر کردار ادا کریں ریٹائرڈ فوجیوں او ر جذبہ جہاد سے سرشار نوجوانوں کو شا مل کر کے سیز فائر لائن پائوں تلے روند کر اپنے بھائیوں کی مدد کی جائے ۔