کربلائے کشمیر کو فتح کرنے کیلیے حسینی جذبے کی ضرورت ہے

96

لاہور (نمائندہ جسارت) تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام پریس کلب میں ’’سیرتِ سیدنا حسین ؓ کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا حل‘‘ کے موضوع پرپریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے دیگر قائدین علامہ محمد عبد الرشید اویسی ، پیر مقدس امیر بادشاہ ،علامہ محمد اشفاق صابری ،مفتی مختار احمد رضوی ، علامہ محمد شبیر احمد چشتی ، مفتی محمد فیضان جلالی ، علامہ محمد لیاقت رضوی ، علامہ محمد داؤد عالم رضوی ، علامہ محمد عبد الرزاق ، علامہ محمد مدثر حسین رضوی ، علامہ محمد بابر قادری ،صاحبزادہ عبدالرحمٰن رضوی ،کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔کربلائے کشمیر کو فتح کرنے کیلیے حسینی جذبے کی ضرورت ہے ۔ نواسۂ رسول ﷺحضرت حسین ؓ نے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کو اپنے حقوق کی خاطر سر اٹھانے کا حوصلہ دیا ۔اسلامی تاریخ کی 14 صدیاں گواہ ہیں بڑے سے بڑا ظالم مٹ جاتا ہے مگر حسینی قافلہ منزل ِ مراد تک پہنچ کر ہی رہتا ہے کشمیری مسلمان حسینی مشن کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں مستقبل کے بھارت کے نقشے میں مودی ٹولے کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور کشمیری مجاہدین ان شاء اللہ سرخرو ہونگے ۔370 آرٹیکل کا خاتمہ مودی کے گلے میں کانٹوں کا ہار ثابت ہو گا ۔37 دن سے ظلم و ستم اور لاک ڈاؤن کے پھندے میں گرفتار بہت بڑی آزمائش میں ہیں مگر ان سے بڑی آزمائش پاکستان اور عالم اسلام کے حکمرانوں کی ہے ۔جن سے قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے دربار میں کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد نہ کرنے پر شدید مؤاخذہ ہو گا ۔ افسوس کہ مودی نے یک طرفہ جموں و کشمیر کا بھارت کے ساتھ الحاق کر لیا ہے ۔اور وہاں قتل عام کیا جارہا ہے مگر ہمارے حکمران اس انتہائی ظلم کو جارحیت سمجھ ہی نہیں رہے اور روزانہ بیان داغ رہے ہیں کہ اگر بھارت نے جارحیت کی تو ہم منہ توڑ جواب دیں گے ۔ان بیانات سے تو یہ تاثر پختہ ہو رہا ہے کہ شاید مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنا لینا اور وہاں قتل عام کرنا اس کو توہم نے بھارت کا حق تسلیم کر لیا گیا ہے لیکن اگر آزاد کشمیر پر حملہ کرے گاتو پھر جارحیت ہو گی اور اسکا جواب دیا جائے گا ۔اس تاثر کو فوری طور پر ختم کرنا ضروری ہے۔37دنوں سے لاک ڈاؤن میں گھرے کشمیریوں کے بارے میں عالمی ضمیر مردہ ہو چکا ہے ۔