حکومت ٹیکس سسٹم میں تبدیلی لائے ہر شعبے کیلیے کیٹیگری ہونی چاہیے

98

فیصل آباد (جسارت نیوز)صدر فوڈ بورڈ،نائب صدر انجمن تاجران سپریم کونسل حاجی نعیم احمد نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آ ف ریو نیو سے مذاکرات کے دوسرے دور میں بھی توقعات کے مطابق پیشرفت نہیںہو سکی،تاجرنہ صرف معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے حق میںہیں بلکہ ٹیکس بھی دینا چاہتے ہیں اس لیے حکومت کوئی درمیانہ راستہ نکالے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میںتاجروںکے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ جو سیکٹرز سیلز ٹیکس دینے کی استطاعت رکھتے ہیں حکومت ان سے ضرور سیلز ٹیکس وصول کرے لیکن ریٹیلرز اس ٹیکس کی ادائیگی سکت نہیں رکھتے۔موجودہ حالات میں تاجروں کا کاروبار مزید سکڑ گیا ہے جس کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہیں اور یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کرنا بھی مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس سسٹم میں تبدیلی لائے اورہر شعبے کیلیے کیٹگری ہونی چاہیے۔ حکومت کے اقدامات سے پہلے تاجر تنظیموں کی جانب سے پیشکش کی جا چکی تھی کہ حکومت مارکیٹوں کا سروے کرے ہم تعاون کرینگے اورمناسب شرح سے فکسڈٹیکس لگایا جائے تاکہ اس کی آسانی سے ادائیگی ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ تاجر پہلے ہی مہنگے یوٹیلیٹی بلوں سمیت ٹیکسز کی ادائیگی کر رہے ہیں اگر حکومت مزید بوجھ ڈالے گی تو کاروبار کرنا مشکل ہو جائے گا جو معیشت کیلیے نیک شگون نہیں ہوگا۔