بھٹہ مالکان تذبزب کا شکار ہیں حکومت مسائل حل کرے

278

فیصل آباد (جسارت نیوز)ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چودھری عبدالرزاق باجوہ نے کہا ہے کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی بھاری لاگت کا منصوبہ اور اس کے ہنر مندوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے بھٹہ مالکان تذبزب کا شکار ہیں حکومت پہلے بھٹہ مزدوروں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی کی فری ٹریننگ دے اور بھٹوں کو بجلی بھی فراہم کرے اس کے بعد کوئی ڈیڈ لائن دی جائے تاکہ بھٹہ مالکان کا سرمایہ تباہ ہونے سے بچ جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھنگ روڈ پر چیئر مین حاجی الطاف کے بھٹے پر مالکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چودھری اشرف گجر،میاں فرمان ،حاجی غلام مصطفی،حاجی اسلام،رانا صدیق، میاں یوسف ،رضوان کاشف،رانا حامد خاں،میاں اختر حسین،حافظ محمد اکرم، میاں زین العابدین،رانا رشید خاں،چودھری نواز سرویا،ملک عبدالرحمان اوررانا فرمان اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چودھری عبدالرزاق باجوہ نے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے لیے اسکلڈ لیبر کی ضرورت ہوتی ہے کسی کے پاس ایسے مزدور ہی نہیں جو اس ٹیکنالوجی پر پورا اترتے ہوں ۔ حکومت لیبر کو نیپال کے ہنر مندوں سے فری ٹریننگ کا بندو بست کرے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے بیشتر بھٹوں پر بجلی کی سہولت دستیاب نہیں اس کے لیے بجلی کے ٹرانسفارمر بھی بھٹوں پر لگائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ بھٹہ مالکان اسٹیک ہولڈر ہیں پہلے ان کے تحفظات دور کیے جائیں اس کے بعد کوئی بھی ڈیڈ لائین دی جائیں سرنہ محکمہ ماحولیات کے کسی نوٹس کا جواب نہیں دیا جائیگا ۔