عراق: یوم عاشور پر بھگدڑ ‘جاں بحق افراد کی تعداد 31 ہو گئی

48

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراقی شہر کربلا میں یوم عاشور کے موقع پر بھگڈر مچ جانے کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق واقعہ دارالحکومت بغداد سے 100 کلومیٹر جنوب میں واقع شہر کربلا میں ایک گزر گاہ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا۔ زائرین کی بڑی تعداد گزر گاہ پر موجود تھی، جو زیادہ وزن کی وجہ سے ٹوٹ گئی۔ابتدائی طور پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12بتائی گئی تھی، جو بڑھتے ہوئے 31تک پہنچ گئی۔ عراقی وزارت صحت کے ترجمان سیف البدر کے مطابق واقعے میں 100 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 10 کی حالت نازک ہے اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ وزارتِ صحت کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کی، لیکن واضح نہیں کیا کہ واقعہ کیسے پیش آیا۔ دوسری جانب ترکی نے یوم عاشور کے موقع پر بھگدڑ میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ ترک محکمہ خارجہ کے مطابق کربلا میں ہونے والی اموات پر انقرہ حکومت کو افسوس ہے اور ترکی اور اس کے عوام عراقی قوم کے کے ساتھ اس المیے میں برابر کے شریک ہیں۔