عرب اتحاد نے حوثیوں کا ڈرون مار گرایا‘ حدیدہ میں دھماکا‘ 7 باغی ہلاک

88

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں سرگرم عرب اتحاد نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی سرحدی شہر نجران کی جانب بھیجا گیا ڈرون مارگرایا۔ عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہتھیاروں سے لیس ڈورن طیارہ نجران میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجا گیا تھا،جسے سعودی فضائی دفاعی نظام نے فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا۔ کرنل ترکی کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے ڈرون طیاروں کے ذریعے حملوں کی کوششیں ناکام بنائی جا چکی ہیں۔ عرب اتحاد شہریوں کی حفاظت کے لیے بہترین وسائل اور تکنیکی ذرائع استعمال کررہا ہے۔ دوسری جانب یمن کے ساحلی شہر حدیدہ میں حوثیوں کے زیر قبضہ کارخانے میں دھماکاہونے سے 7 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی حدیدہ کے علاقے زعفران میں حوثیوں کے زیر قبضہ پلاسٹک بنانے کے کارخانے میں دھماکے ہوئے، جن سے قریب واقع کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ ادھر دھماکوں کے بارے میں حوثیوں کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز اقوام متحدہ کی زیر نگرانی حوثیوں اور یمنی حکومت کے درمیان مذاکرات کے چند ہی گھنٹوں بعد حدیدہ میں طرفین کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔