وینزویلا: کولمبیا کی سرحد کے قریب فوجی مشقیں شروع

124
کراکس: وینزویلا کی فوج پڑوسی ملک کی سرحد کے قریب مشقوں میں مصروف ہے
کراکس: وینزویلا کی فوج پڑوسی ملک کی سرحد کے قریب مشقوں میں مصروف ہے

کراکس (انٹرنیشنل ڈیسک) لاطینی امریکی ملک وینزویلا نے کولمبیا کی سرحد پر وسیع فوجی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر نکولاس مادورو نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک کولمبیا میں دائیں بازو کی قدامت پسند حکومت ان کے ملک کو غیر مستحکم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ خبر رساں اداروں کی ویب سائٹس پر جاری تصاویر کے مطابق وینزویلا کی فوجی مشقوں میں بھاری جنگی ہتھیار، ہیلی کاپٹر، بکتر بند گاڑیوں سمیت بڑی تعداد میں اہل کار شریک ہیں۔ کولمبیا اور امریکا وینزویلا میں حکومت کے مخالف اپوزیشن رہنما اور خود ساختہ عبوری صدر خوآن گوائیڈو کی حمایت کرتے ہیں۔ چند روز قبل کولمبیا کے سابق فارک باغیوں نے ایک بار پھر حکومت کے خلاف مسلح کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس پر کولمبیا نے الزام عائد کیا ہے کہ ان باغیوں کو وینزویلا کی حمایت حاصل ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس ماہ جون کے آخر میں وینزویلا حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اپنا تختہ الٹے جانے کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر مواصلات خورگے روڈریگیز نے دعویٰ کیا تھا کہ سیکورٹی ادروں کے کئی افسران نے امریکا، کولمبیا اور چلی کی حکومتوں کی مدد سے صدر نکولاس مادورو پر مسلح حملے کا منصوبہ بنا رکھا تھا، جو ناکام بنا دیا گیا۔