غزہ پر اسرائیل کے 15 حملے‘ حماس نے ڈرون مار گرایا

86

غزہ (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے غزہ کے شمالی اور وسطی علاقے پر 15 فضائی حملے کرڈالے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو لیکوڈ پارٹی کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے اسدود میں موجود تھے کہ غزہ کی جانب سے 2 راکٹ داغے گئے۔ اسرائیلی فوج نے جواب میں پے در پے میزائل حملوں میں غزہ کے شمال میں بیت لاہیا اور وسط میں دیر بلح کے ساتھ جنوب میں خان یونس کی زرعی اراضی کو نشانہ بنایا، تاہم حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فلسطینیوں کے راکٹ حملوں نے اسرائیلی وزیر اعظم کو بد حواس کردیا اور سیکورٹی اہل کاروںنے انہیں زمین دوز بنکروں میں منتقل کیا۔ راکٹوں میں سے 2یہودی بستی یاد مودخائی میں گرے،جس سے وہاں زرعی علاقے کو نقصان پہنچا۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی ٹینک سے داغے جانے والے گولے کی زد میں آ کر 4افراد معمولی زخمی ہوئے۔ دوسری جانب حماس نے غزہ کے جنوبی حصے میں اسرائیلی ڈرون کواڈ کاپٹرمار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، جس کی تصدیق اسرائیلی حکام نے بھی کر دی ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق فوج نے جدید ترین کیمروں سے لیس جاسوس ڈرون طیارے کے فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھ لگنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حالیہ واقعات سے صہیونی فوج اور انٹیلی جنس اداروں میں کھلبلی مچ گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ ادھر صہیونی حکام نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 22 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ صہیونی فوج نے کارروائیوں کے دوران فلسطینیوں کے گھروں میں توڑپھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔