ٹریفک حادثات میں ایک ہی خاندان کے3 افراد سمیت00 جاں بحق

162

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ ماں بیٹی اور باپ بیٹے سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے قیوم آباد سی ایریا فرنیچر مارکیٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں 125 موٹرسائیکل رجسٹریشن نمبرکے ایل ایس8611 پر سوار بیوی اورکمسن بیٹا جاں بحق اور شوہر شدید زخمی ہوگیا، جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی شوہر بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا، جاں بحق نے والے شوہر کی شناخت اس کے پاس سے ملنے والے قومی شناختی کارڈ سے 38 سالہ ادریس ولد حبیب الرحمن کے نام سے کر لی گئی، متوفی کورنگی 4 زمان ٹائون کا رہائشی تھا جبکہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والی 30 سالہ بیوی اور3 سالہ کمسن بیٹے کی شناخت فوری طور پر ممکن نہیں ہوسکی ہے۔ پی آئی بی کالونی تھانے کے علاقے تین ہٹی پھول مارکیٹ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہ گیر70 سالہ خاتون شدید زخمی ہو گئی جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئی۔ سرجانی ٹائون کے علاقے نارتھ کراچی فور کے چورنگی پر تیز رفتار مزدا ٹرک نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو روند ڈالا، حادثے کے نتیجے میں 30 سالہ صلاح الدین ولد اسلام الدین ، 28 سالہ امرین زوجہ صلاح الدین اور 8 سالہ حباء دختر صلاح الدین شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کیلیے عباسی اسپتال پہنچایا گیا جبکہ حادثے کا ذمے دار ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس کے مطابق زخمیوں میں صلاح الدین نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ دیا، متاثرہ فیملی نارتھ کراچی کی رہائشی ہے ۔ جیکسن کے علاقے کیماڑی گیٹ نمبر 1پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 30سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا، متوفی کی لاش سول اسپتال پہنچائی گئی۔ قائد آباد کے علاقے میں بھینس کالونی موڑ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 36سالہ شخص جاں بحق ہوگیا ، سائٹ اے تھانے کے علاقے سیمنز چورنگی نادرا آفس کے قریب ایکس 10 روٹ کی منی بس کی ٹکر سے باپ بیٹا زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں باپ کی شناخت 54 سالہ مجیب الرحمن ولد سلمان اور بیٹے کی شناخت 10 سالہ محمد احمد ولد مجیب الرحمن کے نام سے کی گئی، جنہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کے علاقے سپرہائی وے چاکرہوٹل کے قریب ٹرک اور رکشے میں تصادم کے نتیجے میں 30 سالہ پیسو ولد گلاب زخمی ہو گیا جسے فوری طورپرعباسی شہیداسپتال منتقل کردیا گیا۔منگھوپیر کے علاقے گرم چشمہ کے قریب ایک نوجوان کی لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 17سالہ عبدالکریم ولد سرور کے نام سے ہوئی ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی درست وجہ معلوم ہوسکے گی، متوفی منگھوپیر کا ہی رہائشی تھا۔ کورنگی کے علاقے کورنگی نمبر ڈھائی گلی نمبر 48 میں گھر میںلاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی لاش تحویل میں لیکر اسپتال منتقل کیا گیا پولیس کے مطابق لاش خراب ہونے کے باعث فوری طورپر شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم علاقہ مکینوں سے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ منگھوپیر کے علاقے میں حب ڈیم میں نہاتے ہوئے ایک لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔جس کی لاش کو ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 16سالہ ابرار ولد انور علی کے نام سے ہوئی ہے جو کہ بنارس کا رہائشی تھا۔ سہراب گوٹھ کے علاقے گلزار ہجری کوئٹہ ٹائون میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوگیا جسے ریسکیو ایمبولنس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی کی شناخت 35 سالہ سید آصف ولد سید انتظار کے نام سے کی گئی ہے۔ جبکہ 10 محرم الحرام کی صبح گلشن اقبال اردو یونیورسٹی کے قریب رینجرز کی موبائل الٹ گئی جس میں سوار 8 اہلکار زخمی ہوگئے۔