سانحہ بلدیہ کے مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے،شمس الرحمان سواتی

101

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمان سواتی نے 7سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود سانحہ بلدیہ علی انٹر پرائز کے محنت کشوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک نہ پہنچائے جانے اور انہیں تختہ دار پر نہ لٹکائے جانے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا عدالتی نظام عوام کو انصاف کی فراہمی میں ناکام ہوگیا ہے ۔سانحہ بلدیہ کے لواحقین انصاف کی آس لگائے ہوئے ہیں ۔قاتل اور ان کے سرپرست عیاں ہیں لیکن ہمارا عدالتی نظام قاتلوں کو پناہ دے رہا ہے اور 7سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود انصاف فراہم نہیں کیا جا سکا ہے۔ لواحقین در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن کو ئی ان کی آہ وبکا سننے کو بھی تیار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمراںعلی انٹر پرائز کے مظلوم محنت کشوں کے لواحقین کو جلد از جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور بیرون ممالک سے علی انٹر پرائز کے لواحقین کو ملنے والی امداد لواحقین کے اکائونٹ میں منتقل کی جائے ۔