تصفیہ کشمیر تک پاک بھارت کشیدگی کم نہیں ہوسکتی، عمران اسماعیل

87

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعلیٰ سندھ اور کابینہ اراکین کے ساتھ مزار قائد پر حاضری دی۔مزار پر فاتحہ خوانی کی اور مزار پر رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات تحریر کیے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ قائداعظم کی زندگی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے،قائد اعظم کے پاکستان میں تمام مسالک اور مذاہب کے لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہیںاور وزیراعظم کے نئے پاکستان کا وژن دراصل قائد کا وژن ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عظیم قائد کی بدولت ہی ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں، آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ بابائے قوم کے وژن کے مطابق وطن عزیز کی آبیاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کے جان و مال محفوظ نہیں،آج بھارتی ریاست نے کشمیری مسلمانوں کے لیے کوئی راستہ نہیں چھوڑا،قائد اعظم کا پیش کردہ دو قومی نظریہ آج صحیح ثابت ہورہا ہے، اسی دو قومی نظریہ کو مدنظر رکھتے ہوئے کشمیری مسلمان آزادی کا مطالبہ کررہے ہیں جوکہ بالکل جائز ہے،انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا پاک بھارت کشیدگی کم نہیں ہوگی، مسئلہ کشمیر کے حل تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے کیونکہ کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہے ۔