15ستمبر کا مارچ عوام کے حقوق کیلیے فیصلہ کن ہوگا، عبدالحق ہاشمی

203

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوام کی آوازبن کرغریبوں کی حالت بد ل دیگی ،جماعت اسلامی ہی تبدیلی لاسکتی ہے ۔15ستمبر عوامی مارچ عوام کے حقوق کے حصول ،مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور کرپشن ونااہل حکمرانوں کے خلاف عوام کی توانا آواز ثابت ہوگا، عوامی مارچ میں شرکت کے لیے ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو دعوت دے رہے ہیں یہ مارچ بلاتفریق رنگ نسل وزبان سب کے حقوق کے حصول کامارچ ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مختلف اضلاع میں عوامی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم خاموش رہے اور لوٹ مار کرنے والوں کے نعروں میں آتے رہے تو مسائل حل ہونے کے بجائے مزید بڑھ جائیں گے حکمرانوں کی بے حسی ولوٹ مار کی وجہ سے بلوچستان کے وسائل کو لوٹاجارہا ہے صوبے کے وسائل کی امانت ،ان کو یہاں کے عوام پرخر چ کرنے والا کوئی نہیں ۔موجودہ حکومت کے دعوے کے مطابق گزشتہ 10 برس میں بلوچستان میں 30 ہزارکروڑروپے کی کرپشن کی گئی ہے ،بدعنوان ارکان اسمبلی ،موجودہ یاسابقہ بیوروکریسی کی ملی بھگت سے کرپشن زوروں پر ہے اس میں نیب اور عدلیہ کی بھی ملی بھگت شامل ہے ، بلوچستان کی ظالم اشرافیہ کوملکی ادارے کی سرپرستی حاصل ہے ۔جماعت اسلامی کے کارکنان مظلوم عوام کے ساتھ صوبے کی ظالم اشرافیہ کے خلاف نوجوانوں اور عوام کو منظم وفعال کرنے میں کردارادا کریں۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے سلگتے مسائل کو حل کرنے ،کرپٹ مافیا کو بے نقا ب کرنے اورحکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدارکرنے کے لیے بلوچستان کو حق دوبلوچستان بھی پاکستان ہے مہم شروع کر رکھی ہے جس کی بدولت لٹیرے بے نقاب، عوامی مسائل اجاگر اور حل کی راہ متعین ہوگی ۔بلوچستان کو حقوق نہ دینے کی وجہ سے صوبے کے مسائل حل ہونے کے بجائے اس میں مزید اضافہ ہورہا ہے جو لمحہ فکرہے۔