قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 71 ویں برسی انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی

161

اسلام آباد (اے پی پی) برصغیر پاک وہند کے عظیم رہنما اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 71 ویں برسی بدھ کو پاکستان بھر میں انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی۔کراچی کی بندرگاہ کے قریب واقع وزیر منشن میں 1876ء میں گجراتی تاجر جناح بھائی پونجا کے گھر آنکھ کھولنے والے محمد علی جناح آنے والے برسوں میں مسلمانان ہند کے میر کارواں بن گئے اور عرصہ دراز سے استحصال میں پھنسی قوم کو اپنی سیاسی بصیرت کی وجہ سے الگ مملکت کی شناخت دی۔1948ء بابائے قوم کی زندگی کا آخری برس تھا، اگرچہ آپ نے اپنی سیاسی زندگی نہایت تن دہی سے گزاری مگر قیام پاکستان کے بعد نومولود مملکت کے مسائل ایسے نہ تھے جنہیں قائد نظر انداز کر دیتے۔انہوں نے قوم کے سنہرے مستقبل کو اپنی بیماری پر ترجیح دی۔پے در پے مصروفیات کی وجہ سے بابائے قوم کی صحت جواب دے گئی اور11 ستمبر کو پاکستانی قوم کے ناخدا، فراست و ذہانت کے پیکر محمد علی جناح ہمیشہ کے لیے اللہ کی رحمت میں پہنچ گئے۔