امریکا نے کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ سمیت کئی افراد کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا

799

واشنگٹن( آن لائن ) امریکا نے تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ مفتی نور ولی محسود سمیت کئی افراد کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے پاکستان میں ہونے والے دہشت گردوں حملوں میں ملوث ہونے پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر کو عالمی دہشت گرد قرار دیا۔امریکا کی جانب سے حزب اللہ، ایرانی پاسداران انقلاب، القاعدہ، حماس، فلسطین اسلامک جہاد اور داعش سے وابستہ دیگر افراد کو بھی عالمی دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ مفتی نور ولی محسود کی قیادتمیں کالعدم ٹی ٹی پی نے پاکستان میں ہونے والے کئی دہشت گردوں کی ذمے داری قبول کی جب کہ مفتی نور ولی کو 2018 ء میں ڈرون حملے میں ملا فضل اللہ کے مارے جانے کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی کا سربراہ بنایا گیا۔امریکا کی جانب سے ملا فضل اللہ کے حوالے سے اطلاع دیے جانے پر 5 ملین ڈالر کا انعام بھی رکھا گیا تھا۔واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ ماہ علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی کو بھی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔