واٹربورڈ: گریڈ 20 کی 6 اسامیاں پر کرنے کیلیے بورڈ اجلاس بلانیکا فیصلہ

95

کراچی (رپورٹ: محمد انور) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو اینڈ ایس بی) میں گریڈ 20 کی 6 خالی اسامیوں پر ترقی اور دیگر 704 اسامیوں پر نئے تقرر کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ادارے کی گورننگ باڈی نے خالی اسامیوں پر نئی بھرتیوں اور گریڈ 20 کی 6 اسامیوں پر جلد ہی ترقی کے لیے ڈپارٹمنٹل کمیٹی کا اجلاس بلانے کی منظوری دے دی ہے۔ ڈی پی سی ون کے اجلاس میں گریڈ 20 پر ترقی کے لیے 6 اہل افسران و انجینئرز کو ترقی دی جائے گی۔ گریڈ 20 کی خالی اسامیوں میں ڈی ایم ڈی پلاننگ ، ڈی ایم ڈی فنانس ، ڈی ایم ڈی ہیومن ریسوسس و مینجمنٹ ، ڈی ایم ڈی ریونیو و ریکوری اور 2 چیف انجینئر کی اسامیاں ان دنوں خالی ہیں جن کی دیگر افسران و انجینئرز کو اضافی ذمے داریاں تفویض کی ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے گریڈ 20 کی اسامیوں کو فوری پر کرنے کے لیے ڈپارٹمینٹل پروموشن کمیٹی کو اجلاس طلب کرکے ترقیوں کی سفارش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت نے ادارے کے 704 ایڈہاک ملازمین کو بھی جلد سے جلد ریگولرائز کرنے کے لیے کارروائی مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کے ایم ڈی انجینئر اسد اللہ خاں کی سفارش پر ہی حکومت نے خالی اسامیوں کو فوری پر کرنے کے لیے ڈی پی سی بلانے اور ایڈہاک ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس لیے خیال ہے کہ آئندہ 2 ہفتے میں یہ عمل مکمل کرلیا جائے گا۔