پنجاب میں جان لیوا امراض اور معمولی جرائم کے قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ

148

پنجاب حکومت نے جیلوں میں گنجائش سے زائد اضافی قیدیوں کا نوٹس لیتے ہوئے جان لیوا امراض میں مبتلا اور معمولی جرائم کے قیدیوں کو پیرول پر رہا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

محکمہ جیل خانہ جات کی رپورٹ کے مطابق لاہور ریجن کی پانچ جیلوں میں گنجائش سے پانچ ہزار قیدی زائد ہیں تاہم یہاں نو ہزار پچاسی افراد کی گنجائش ہے اسی طرح پنجاب کی اڑتیس جیلوں میں میڈیکل اسکرینگ کے دوران انکشاف ہوا کہ 34 جیلوں میں 480 قیدی ایسے ہیں جن میں ایڈز کی تشخیص ہوئی اس کے علاوہ تین ہزار کے قریب قیدی ہیپاٹائٹس بی اور سی سے متاثر ہیں جن میں سے اکثریت کی حالت تشویشناک ہے۔

جیلوں میں مختلف بیماریوں کی بڑھتی وبا کے باعث پنجاب حکومت نے بھی حکمت عملی بنالی ۔پہلے مرحلے میں معمولی جرائم میں ملوث اور جان لیوا بیماریوں میں مبتلا پانچ ہزار سے زائد قیدیوں کو پیرول پر رہا کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں فہرستیں بھی طلب کرلی گئی ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق پیرول پر رہا ہونے والے قیدی جہاں اپنی سزاں کا باقی ماندہ وقت جیل سے باہر اپنے خاندانوں کے ساتھ گزار سکیں گے وہیں جیلوں میں گنجائش کا مسئلہ بھی کچھ حد تک حل ہوگا۔