اقوام متحدہ کشمیر کیلیے باتوں سے آگے بڑھ کر اقدامات کرے‘ پاکستانی مندوب

89

نیویارک (صباح نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کے لیے باتوں سے آگے بڑھ کر کچھ کرنا ہوگا۔ امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ فلسطین کے مسئلے جیسا ہے، دونوں ہی متنازع علاقے ہیں، دونوں میں لوگوں کو محصور کردیا گیا، دونوں علاقے اقوام متحدہ کے ایجنڈے کے پرانے مسئلے ہیں۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے سب آگاہ ہیں، مقبوضہ وادی میں پیلٹ گنز کے استعمال سے نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ مقبوضہ وادی سے آنے والی رپورٹس وہاں پر جاری بدترین تشدد دکھاتی ہیں، مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی آزادی کو مکمل ختم کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدام سے مقبوضہ وادی میں بڑے انسانی المیے کا خطرہ ہے۔ مغربی میڈیا سمیت بین الاقوامی توجہ مسئلہ کشمیر پر ہے، کشمیریوں کی حالت زار پر بین الاقوامی تنظیمیں بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کو باتوں سے آگے بڑھ کر مقبوضہ کشمیر کے لیے کچھ کرنا ہوگا۔
پاکستانی مندوب