اسلام آباد: رہائشی عمارتوں میں واقع اسکولوں کو منتقل کرنے کیلیے پیشرفت

94

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد کی رہائشی عمارتوں میں واقع پرائیویٹ اسکولوں کو شفٹ کرنے کے لیے پیشرفت کاآغاز ہوگیا، 12 ستمبرکوتمام متعلقہ حکام کے ساتھ سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں میٹنگ کی جائے گی ، رہائشی علاقوں میں قائم اسکولوں کومنتقل کرنے کے لیے پلاٹ دیے جائیں گے ،کسی کودوبارہ رہائشی علاقے میں اسکول کھولنے کی اجازت نہ ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے
احکامات کی روشنی میں سی ڈی اے نے اسلام آباد کے رہائشی عما رتوں میں واقع پرائیویٹ اسکولوں کو شفٹ کرنے کے لیے ایک جامع اور مربوط حکمت عملی کے لیے پیش رفت کی ہے۔ اس ضمن میں تمام مطلوبہ کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے علاوہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کو یقینی بنا کر ان کی طرف سے دی گئی تجاویز کو بھی اس حکمت عملی کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ مورخہ12 ستمبر بروز جمعرات سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے جس میں فیڈرل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے نمائندوں کے علاوہ پرائیویٹ ایجوکیشنل سکول ریگولیٹری اتھارٹی اور دیگر متعلقہ شعبوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ اس ضمن میں اسلام آباد کی حدود میں واقع ہائوسنگ سوسائٹیز کو بھی ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی اسکیموں میں اسکولوں کے لیے مختص پلاٹوں کو 3 ماہ کے اندر استعمال میں لائیں ۔
پرائیویٹ اسکولز