سید الشہداء کی عظیم شہادت نے مسلمانوں کیلیے خصوصی درس فراہم کیا،صدرآزادکشمیر

36

مظفر آباد (صباح نیوز)آزادجموں وکشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓ نے اپنی اور اپنے جان نثار ساتھیوں کی جانیں تک قربان کر کے حریت پسندی کی ایک روشن مثال تاریخ انسانیت میں چھوڑی ہے،اس مثال پر جس قدر بھی فخر کریں کم ہے، سید الشہداء کی عظیم شہادت نے مسلمانون کے لیے ایک خصوصی درس فراہم کیا ہے کہ بندہ مومن کی معراج یہ ہے کہ راہ حق میں ضرورت پڑنے پر اپنی عزیز ترین متاع بھی قربان کر دے، اس عظیم شہادت کے مختلف پہلو ہیں اور ہر پہلو دوسرے سے روشن ہے۔یوم عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ امام عالی مقام اور ان کے
مقدس ساتھیوں کی شہادت کا یہ منفرد اور ممتاز واقعہ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لیے کئی شاندار درس فراہم کرنا ہے ،امام عالی مقام کا صبر ، ان کی جرات ، بے غرضی اور دین سے مکمل وابستگی ہمارے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔انہوں نے کہا کہ عاشورہ محرم کے دوران بہادری کے ایسے جوہر دکھائے کہ تاریخ عالم اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بہادر ایسی بے سرو سامانی غم و الم کے ہجوم اور بھوک و پیاس کی انتہائی تکالیف میں ایک کثیر فوج سے عرب کے ریگستانی دھوپ کے شعلوں میں نہ لڑا نہ لڑ سکتا ہے،نواسہ رسول کی بہادری اورقوت ان کی اس کمال روحانیت کو ظاہر کرتی ہے کہ وہ اسلام اورمقصد کی سچائی پرکس قدر مضبوط ارادے کے حامل تھے،آپؓ میں وہ اعلیٰ جوہر اورکمالات تھے جو عام انسان میں نہیں پائے جاتے، آپؓ کی عظیم الشان اور عدیم النظیر قربانی نے نہ صرف اسلام کو ابدالآباد تک مسخ ہونے سے بلکہ مکمل تباہی سے بچا لیا،آپؓ نے اپنے دور کے تمام مسلمانوں اور آنے والی نسلوں کو مستقل گمراہی اوربے راہ روی سے محفوظ کر لیا۔
صدرآزادکشمیر