کشمیر کا معاملہ کرو یا مرو کے مرحلے پر آگیا،لیاقت بلوچ

143

حیدرآباد(اسٹا ف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان کو اپنی ذات کے خول سے باہر آنا ہوگا بھارت نے انتہائی قدم اٹھا لیا، وہ کشمیر کو دوسرا غزہ بنانے جارہاہے جس پراسکو بین الاقوامی طاقتوں کی درپرہ حمایت اور سرپرستی بھی حاصل ہے۔عالمی برادری کی بے حسی اور مسئلہ کشمیر سے لاتعلقی تاریخ کے بدترین المیہ کو جنم دے سکتی ہے۔ وہ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے انتہائی قدم اٹھا لیا ہے اور اب وہ کشمیر کو دوسرا غزہ بنانے جا رہا ہے اس میں اس کو بین الاقوامی قوتوں کی درپردہ حمایت اور سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنی ذات کے خول سے باہر آ کر قومی قائد کا کردار ادا کرنا ہو گا۔ بات چیت کا مرحلہ گزر چکا اب عملی اقدام کی ضرورت ہے اس کیلیے قوم کو بھی متحد ہونا ہو گا اور بیدار بھی رہنا ہو گا ۔سڑکوں پر نکلنا اور چوراہوں پر جمع ہونا ہو گا تاکہ حکمران کسی بین الاقوامی دبائو کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب پوائنٹ آف نو ریٹرن پر پہنچ چکا ہے، معاملہ کرو یا مرو کا ہے۔ ماضی میں غلطیاں ہوئی ہیں اب ان کے ازالے کا وقت ہے، سفارتکاری کو بہتر بنانا ہو گا، دنیا میں اب اس مسئلہ سے ایک خوف پھیلا ہوا ہے، دنیا ایٹمی جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتی، دنیا کے اس خوف کو اپنا ہتھیار بنانا ہو گا، لیاقت بلوچ نے کہا کہ عالمی برادری کی بے حسی اور مسئلہ کشمیر سے لاتعلقی تاریخ کے بدترین المیہ کو جنم دے سکتی ہے۔
لیاقت بلوچ