واقعہ کربلا یزیدی صفت حکمرانوں کیخلاف ڈٹ جانے کا نام ہے

50

ٹنڈوالہیار (نمائندہ جسارت) واقعہ کربلا درس انقلاب ہے، جو اسلامی حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد اور یزیدی صفت حکمرانوں کیخلاف ڈٹ جانے کا نام ہے، نواسہ رسولؐ حضرت حسین ؓ نے اپنے خاندان سمیت دین حق کے لیے جام شہادت نوش کرکے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ کفر کی حکومت تو چل سکتی ہے مگر ظلم کی نہیں، انسانیت اور اسلام کے دشمنوں نے آج کشمیر، برما، فلسطین سمیت پوری دنیا میں ظلم سے معرکہ کربلا پربا کررکھا ہے اس لیے حق وسچ کا ساتھ اور ظلم کیخلاف ڈٹ جانا ہی پیغام شہادت حسینؓ ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر متحدہ اتحاد عباسیہ کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالحمید عباسی نے حیدر آباد میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حق وباطل کا معرکہ ازل سے ابد تک جاری رہے گا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور کرفیو کو آج 35 دن گزر گئے۔ یہ بدترین ریاستی دہشت گردی ہے، کشمیر کی افسوس ناک صورتحال پر انسانی حقوق کی تنظیمیں وعالمی ضمیر کی خاموشی لمحہ فکر ہے۔ واقعہ کربلا ہمیں اسلام کے غلبہ اور نتائج کی پرواہ کئے بغیر باطل سے ٹکرانے کا درس دینے کے ساتھ اس کے راستے میں آنے والی مشکلات میں صبر واستقامت ،ایثار وقربانی کی تاکید کرتا ہے۔صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت اور علماء کرام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ یوم عاشور سمیت محرم الحرام میں قیام امن اور تمام مسالک کے درمیان ہم آہنگی کی فضا کو یقینی بنایا جائے۔