حیدرآباد ،یوم عاشور آج عقیدت واحترام سے منایا جائیگا

149

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ملک کے دیگر حصوں کی طرح حیدرآباد میں بھی آج یوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا، شہر بھر سے شہدائے کربلا کی یاد میں ماتمی، علم، ذوالجناح اور تعزیوں کے جلوس نکالے جائیں گے۔ مرکزی ماتمی جلوس قدم گاہ مولاعلیؓ سے انجمن حیدری کے تحت برآمد ہوگا جبکہ پریٹ آباد‘ سرگھاٹ‘ رشی گھاٹ‘ پھلیلی‘ٹنڈو آغا‘حسین آباد‘ مکرانی پاڑہ‘ قاسم آباد کے مختلف علاقوں‘ لطیف آباد یونٹ نمبر3,4,5,,8,9سے نکالے جانے والے جلوس بھی قدم گاہ پہنچیں گے مرکزی جلوس اسٹیشن روڈ، بلدیہ، فوجداری روڈ، الرحیم سے ہوتا ہوا کربلا دادن شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، جس کے بعد شام غریباں برپا کی جائے گی جبکہ تعزیوں کے جلوس ماتمی جلوس کے بعد برآمد ہوں گے، جو مختلف علاقوں سے اسٹیشن روڈ پہنچیں گے۔ جلوس کے راستوں پر پانی، شربت کی سبیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ مختلف تنظیموں کی جانب سے طبی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں شہر بھر میں جگہ جگہ ٹینٹ لگاکر شہریوں کے لئے کھانے کا اہتمام کیا گیا ہے مرکزی جلوس کی گذر گاہ کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا اطراف سے آنے والی گلیوں کو خار دار باڑ لگاکر بند کردیا گیا ہے جلوس کے شرکاء کے داخلے کے لئے صرف ایک گیٹ قدم گاہ پر بنایا گیا ہے راستے سے کسی شخص کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ جلوس کو دیکھنے باڑ کے اندر آنے کی اجازت نہیں ہے۔