کچھ عناصر نے تعلیم کو تجارت بناکر والدین کو لوٹنا شروع کیا، محمد اکرم جٹ

94

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) شہدا کربلا نے اسلام کی سربلندی اور پاک فوج کے جوانوں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی سا لمیت کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ تعلیمی ادارے ایک ایسی جگہ ہیں جہاں سے علماء، فوجی، پولیس، ڈاکٹر، انجینئر، سیاستدان تاجر، وکلاء، صحافی نکلتے ہیں اور ملک کا نام روشن کرتے ہیں اگر تعلیم کا معیار مثبت اور معلومات پر مبنی ہو تو معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ کے ضلعی صدر محمد اکر م جٹ اور ضلعی جنرل سیکرٹری سید عبدالغفور شاہ نے نیشنل پریس کلب پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچے ملک مستقبل کے معمار ہیں ان کی بہتر تعلیم و تریبت سے ہی ملک کا نام مزید روشن کیا جاسکتا ہے نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا حکم ہے کہ تعلیم کے لئے اگر چین بھی جانا پڑے تو چلے جائیں جس سے یہ بات واضح ہوگئی کہ دین اسلام اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا حکم دیتاہے ۔ تعلیم کے بغیر انسان کی زندگی نامکمل ہے بچوں کی بہتر تعلیم کے لئے محنت کرنے والے اساتذہ کرام کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر نے تعلیم کو تجارت بناکر والدین کو لوٹنا شروع کیا اور تعلیمی میدان میںخرابیاں پیدا کیں جس سے غریب بچوں کے لئے اعلیٰ تعلیم کا حصول مشکل ہوگیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ والدین کی بھی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں پر نظر رکھیں ۔ اسکولز کے اساتذہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ بچوں کو دینی تعلیم سے بھی آراستہ کریں ۔ انبیاء کرام ، صحابہ کرام ،شہداء کرام کی زندگیوں اور معاشرتی مسائل کے بارے میں بھی لیکچر کا اہتمام کیا کریںتاکہ ان بچوں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو اور انہیں ملک کے لئے قابل قدر خدمات سرانجام دینے والا پاکستانی شہری بنایا جاسکے۔