افغانستان نے بنگلہ دیش کو ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر تاریخ رقم کردی

210
چٹاکانگ: واحد ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد افغان ٹیم کے کپتان راشد خان ٹرافی اٹھائے ہوئے
چٹاکانگ: واحد ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد افغان ٹیم کے کپتان راشد خان ٹرافی اٹھائے ہوئے

 

چٹاگانگ (جسارت نیوز) کپتان راشد خان کی آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت افغانستان نے واحد ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش کو 224 رنز سے ہرا کر تاریخ رقم کر دی۔ راشد خان کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ راشد خان نے میچ میں 11 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ کے 5ویں اور آخری روز میزبان ٹیم بنگلا دیش ٹیم 398 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 173 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 5ویں روز بھی بارش سے کھیل متاثر ہوا۔ راشد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شکیب الحسن 44 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ گزشتہ روز ظہور احمد چوہدری ا سٹیڈیم، چٹاگانگ میں ٹیسٹ کے 5ویں روز چوتھے روز بنگلا دیش نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز سے اپنی دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو شکیب الحسن 39 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ بارش کے باعث میچ شروع ہونے میں تھوڑی تاخیر ہوئی تاہم میچ شروع ہوا تو شکیب اپنی گزشتہ روز کے ا سکور میں5 رنز کا اٖضافہ کرنے کے بعد 44 رنز بناکر ظاہر خان کی گیند پر افسر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، مہدی حسن 12 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ تیجل الاسلام نویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے راشد خان کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ سومیا سرکار بنگلا دیش کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 15 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر ابراہیم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ نعیم حسن ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ بنگلا دیش ٹیم 398 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 173 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور افغانستان کی ٹیم نے میزبان ٹیم کو واحد ٹیسٹ میچ میں 224 رنز سے شکست دے دی۔ راشد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 ظاہر خان نے 3 جبکہ محمد نبی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ راشد خان کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔