صدارتی منصب 3 سال اپنے پاس رکھنے کیلیے داور خان نے چئیر مین سینیٹ سے مدد مانگ لی

144

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے موجودہ صدر نے اپنے اقتدارکودوام بخشنے کی ٹھان لی اور فیڈریشن کے صدر کی حیثیت سے ایک سال کے لیے منتخب ہونے والے انجینئرداروخان اچکزئی کو بھاری وسائل اور بیرون ممالک ہونے والے دوروں نے صدارتی منصب پر تین سال کے لیے رہنے کی خواہش کو جگا دیا جس کے لیے انہوںنے خاموشی کے ساتھ سینیٹ چیئرمین سے اپنی خواہش پوری کرانے کے لیے مدد مانگ لی اور سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کامرس نے اس سلسلے میں کل بدھ 11ستمبر کو اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔باخبر ذرائع کے مطابق ایک سال کے لیے بلوچستان کے کوٹے پر فیڈریشن کے صدر منتخب ہونے والے انجینئر دارو خان نے اپنے عہدے کی معیاد تین سال کرانے کی کوششیں شروع کردی ہیں اور اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے انہوں نے سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی کا سہارا لے لیا ہے اور اپنی اس خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے چیئرمین سینیٹ کا سہارا لیا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر اور دیگر عہدیداروں کا انتخاب ایک سال کے لیے کیا جاتا ہے جبکہ ماضی میں ایک بار عہدے کی معیاد دوسال کی گئی تھی اور ریاض ٹاٹامرحوم دوسال کے لیے صدر منتخب ہوئے تھے لیکن بعد میں عہدے کی معیاد دوبارہ ایک سال کردی گئی تھی لیکن اب فیڈریشن کے موجودہ صدر نے عہدے کی معیاد تین سال کرنے کے لیے جدوجہد شروع کردی ہے جس کے لیے انہوں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اپنے دوست اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے مدد کی درخواست کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق انجینئرداروخان اچکزئی نے صدر کے انتخاب کے لیے جو نامزدگی فارم بھرا تھا اس پرمدت ایک سال تحریر ہے اورانہیں ووٹرز نے بھی ایک سال کے لیے ہی مینڈیٹ دیا تھا،یو بی جی کے قائدین ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی کوششوں سے اپنے انتخاب کے بعد وہ اپنے عہدے کی مدت 8ماہ گزار چکے ہیں لیکن اپنی قیادت سے پوچھے بغیرانہوں نے سینیٹ چیئرمین کوخط لکھ کر صدارتی منصب کی معیاد تین سال کرانے کا مطالبہ کیا جس کی وجہ سے ملک بھرکی بزنس کمیونٹی کے نمائندے،فیڈریشن میں برسراقتداریونائٹیڈ بزنس گروپ کی قیادت اور اپوزیشن نے شدید مخالفت کی ہے۔ذرائع کے مطابق ملک بھر کے تقریباً تمام ہی چیمبرز،اورایسوسی ایشنز وٹریڈ باڈیز نے انجینئرداروخان کے اس عمل کو ناجائز قرار دیتے ہوئے مخالفت کی ہے اور ان کے اس عمل کو نقب زنی قرار دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایف پی سی سی آئی کے صدر کے مطالبے پر غور وخوص کے لیے سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹرمرزامحمدآفریدی کی قیادت میں 11سینیٹروں سمیت پندرہ افراد پر مشتمل کامرس کی قائمہ کمیٹی نے11ستمبر کو ملک کے5بڑے چیمبرز آف کامرس کراچی،اسلام آباد،لاہور،کوئٹہ اور پشاور سمیت ایف پی سی سی آئی کواسلام آباد طلب کرلیا ہے جبکہ وزارت تجارت کے ماتحت ادارے ڈائریکٹرجنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز کے نمائندے بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے ۔یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل زبیرطفیل نے بھی ملک بھر کی تمام ٹریڈ باڈیز کو ایک خط تحریرکیا ہے جس میں انہوں نے انجینئرداروخان کے عزائم سے آگاہ کیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ سیکرٹری سینیٹ کمیٹی کوفیڈریشن کے عہدے کی معیاد تین سال نہ کرنے کے حوالے سے اپنی رائے سے آگاہ کریں۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ فیڈریشن کے صدر انجینئرداروخان اچکزئی کی تین سال تک صدر رہنے کی خواہش کسی بھی طرح ممکن نہیں ہے کیونکہ ایکٹ میں تر میم کرانا ہوگی اوریہ ایک طویل ترین پروسس ہے جسے اپنی مرضی کے مطابق کوئی حل نہیں کرسکے گا ،ایکٹ میں ترمیم قومی اسمبلی میں منظوری سے حل ہوسکے گی۔