اسٹاک مارکیٹ کے سرمائے میں 105 ارب روپے کا اضافہ

219

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر تیزی کا رجحان غالب رہا اور کے ایس ای100انڈیکس700پوائنٹس بڑھ گیا جس سے انڈیکس 30ہزار پوائنٹس کی بالائی حد عبور کر گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں105ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم61کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کاروبار کے پہلے دن تیزی رہی اور مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ3دن تک محدود رہا اس دوران انڈیکس1072.65پوائنٹس بڑھ گیا تاہم 2دن کی مندی سے انڈیکس 277.57پوائنٹس لوز کر گیا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق ملکی معاشی اشاریوں میں بہتری ،افراط زر کی شرح میں کمی سے نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں کمی کی توقعات ،ایس ای سی پی کی جانب سے مارجن شرائط میں نرمی بلینک اور شارٹ سیلنگ سے متعلقہ مسائل حل کرنے سمیت اچھے معاشی اشاریوں کی وجہ سے غیر ملکی مقامی کمپنیوں ،انفرادی سرمایہ کاروں اور بینکوں کی جانب سے شعبہ جاتی بنیادوں پر سرمایہ کاری کی وجہ سے تیزی کا رجحان غالب رہا ۔تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی برقرا ررہنے اور حکومت کی جانب سے گیس انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس کی سہولت واپس لیے جانے ،میوچل فنڈز کی جانب سے بڑھتی ہوئی فروخت اور فوری منافع کے حصول پر مندی کا رجحان بھی دیکھا گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے تیزی کے سبب کے ایس ای100انڈیکس میں795.08پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس29672.12سے بڑھ کر 30467.20پوائنٹس ہو گیا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس370.83پوائنٹس کے اضافے سے13931.69پوائنٹس سے بڑھ کر14302.52پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس22007.12پوائنٹس سے بڑھ کر22485.76پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں ایک ہفتے کے دوران1 کھرب5 ارب74 کروڑ76 لاکھ 37ہزار 55روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔