سعودی عرب:سال میں دوبار عمرہ ویزا جاری کرنے کی اضافہ فیس ختم

130

ریاض(خبر ایجنسیاں)سعودی عرب نے ایک سال میں 2 بار عمرہ ویزہ جاری کرنے کیلیے اضافی فیس ختم کردی۔سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین کا یہ اعلان وژن 2030 کا حصہ ہے جس کے تحت عمرہ زائرین کی تعداد 3 کروڑ سالانہ تک پہنچانا ہے۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک سال میں دوسری بار عمرہ کرنے کی فیس معاف کردی ہے۔اس حوالے سے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح نے سعودی فرمانرا اور شہزاہ محمد بن سلمان کی جانب سے جاری ہونے والے شاہی فرمان کی تصدیق کی ہے۔ان کے مطابق مذکورہ شاہی فرمان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ موجودہ حکومت دنیا بھر سے آنے والے مسلمانوں کوسہولیات فراہم کرنے میں کتنی دلچسپی رکھتی ہے۔ڈاکٹر محمد صالح کے مطابق اس حکم کا مقصد یہ باور کرانا ہے کہ سعودی حکومت مکہ، مدینہ اور دیگر مقدس مقامات پر جاری تعمیرات کے باوجود کثیر تعداد میں زائرین کو سہولیات فراہم کر سکتی ہے۔سعودی وزیر نے بتایا ہے کہ شاہی فرمان کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ویژن2030 تک بڑے مقاصد کا حصول ممکن بنایا جائے جس کے تحت 3 کروڑ مسلمانوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس وژن کے تحت مسلمانوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ پرسکون اور سہل طریقے سے مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے دورے کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ سعودی حکومت نے پاکستانیوں کیلیے عائد عمرہ فیس ختم کر دی۔ جبکہ اب سعودی حکومت نے دنیا بھر کے تمام ممالک کے عمرہ زائرین کیلیے ایک سال میں دوسری مرتبہ عمرہ کرنے پر عائد 2 ہزار ریال کی فیس ختم کر دی ہے۔
عمرہ فیس ختم