حیدرآباد:موبائل سروس بند ،ڈبل سواری پر پابندی ،سیکورٹی الرٹ

151

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ملک کی موجودہ صورتحال اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے کسی بھی ممکنہ تخریب کاری کے خدشے کے پیش نظرحیدرآباد سمیت سندھ بھر میں یوم عاشورپر سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ موبائل سروس بند‘ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد۔پولیس ورینجرز اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔ فوج کو اسٹینڈ بائی کردیا گیا۔ پولیس کے پانچ ہزار جوان‘ پانچ سو کمانڈوز‘ رینجرز اہلکار کو تعینات کیا ہے جو کہ جلوس کے ساتھ ہونگے۔ جلوسوں کی گذر گاہوں پرواقع بالائی عمارتوں پر کمانڈوز تعینات ہونگے جبکہ جلوس کی نگرانی کے لیے کلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے گئے۔ پولیس اور رینجرز اہلکار جلوس کے اندر بھی موجود ہونگے جبکہ تمام امام بارگاہوں‘ مساجد پر پولیس ورینجرز کو تعینات کیا گیا ہے اور سخت نگرانی کی جارہی ہے۔ جلوس کیساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ ‘ فائربریگیڈ سمیت دیگر ایمرجنسی کا بندوبست کیا گیا ہے۔ محرم الحرام کے دوران عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے کیلیے پولیس ہیڈ کوارٹر سے پولیس کے جوانوں نے ایس ایس پی حیدرآباد عدیل احمد چانڈیو کی قیادت میں فلیگ مارچ کیا۔ تین روز کے لیے موبائل سروس بند ہے اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے ۔شہر بھر کے مسافر خانوں‘ ہوٹل کی خفیہ نگرانی کی جارہی ہے۔ شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ایس ایس پی حیدرآباد عدیل چانڈیو کا کہنا ہے کہ پولیس ورینجرز اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے تاہم کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوج کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے ۔
حیدر آباد سیکورٹی الرٹ