ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کشمیر میںلاک ڈاؤن ختم کرنے کی آن لائن مہم شروع کردی

181

نئی دہلی(صباح نیوز) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کیے جانے والے انسانیت سوز مظالم اور مکمل لاک ڈائون کو اجاگر کرنے کے لیے نئی آن لائن مہم کا آغاز کردیا۔اس ضمن میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر نئی مہم بعنوان انسانیت کو اولیت دو، کشمیر کا لاک ڈائون ختم کرو مہم کا آغاز کردیا ہے۔انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ سے زائد عرصے کے دوران 80لاکھ کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن ہو گئی ہیں اور پوری وادی میں مواصلاتی نظام مکمل درہم برہم ہو چکا ہے۔اس کے مطابق مقبوضہ وادی میں جوان، بچے اور بوڑھے ایک ماہ سے گھروں میں قید ہوکر رہ گئے ہیں۔ بلیک آئوٹ کی قیمت انسانیت کو چکانا پڑ رہی ہے جو نظر انداز نہیں کی جاسکتی۔ادارے نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جابرانہ قوانین کے نفاذ سے مواصلاتی نظام مکمل بند ہوچکا ہے، لامحدود پابندیوں کی وجہ سے لوگ اپنے اپنے خاندان سے کٹ کر رہ گئے ہیں، ایک ماہ سے عوام اپنے پیاروں کی خیریت اور سلامتی سے آگاہ نہیں۔انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے کے مطابق پابندیوں کی وجہ سے بیمار اور مصائب میں گھرے کشمیریوں کی مدد کرنے والے ڈاکٹروں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے ورکرز کا کام بہت زیادہ متاثر ہوا ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ یہ سب درحقیقت کشمیر کے عوام کو اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے اور مقبوضہ وادی کی صورتحال معمول کے مطابق نہیں ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی حکومت اور قابض انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانیت کو اولیت دیتے ہوئے کشمیریوں کی زبان بندی فوری طور پر ختم کی جائے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل