ملک بھر میں یوم عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

122

اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ (صباح نیوز) ملک بھر میں یوم عاشور آج (منگل کو) عقیدت و احترام سے منایا جائیگا، مساجد وامام بارگاہوں میں علما کرام، ذاکر، مذہبی اسکالرز اورپروفیسرز نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓ و جانثار ساتھیوں کی شہادت پر خصوصی روشنی ڈال کر اہل ایمان کے قلب کو منور فرمائیں گے جبکہ ملک بھر میں ذوالجناح و علم اور تعزیے کے جلوس نکالے جائیں گے ۔ الیکٹر ونک میڈیا پروگرامز نشر اور پرنٹ میڈیا فیچر شائع کریں گے ۔ علاوہ ازیںگزشتہ روزملک بھر میں پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی جانب سے9ویں محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ۔ ڈبل سواری پر پابندی عاید رہی اور جلوس کے روٹس پر موبائل فون سروس بھی معطل رہی۔ عبادت گاہوں، مجالس ، امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف اسنیپ چیکنگ کی گئی جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ بھی کی گئی ۔تمام حساس علاقوں اور راستوں کو کنٹینر و خاردار تاریں لگاکر سیل کردیا گیا جبکہ ملک میں تمام دفاتر، دکانیں اور بازار مکمل طور پر بندر ہے۔ہیلی کاپٹرز کی مدد سے جلوس والے علاقوں میں فضائی نگرانی کی گئی جبکہ موبائل پیٹرولنگ اور موٹر سائیکل گشت بھی جاری رہا ۔ جلوس کے راستوں پر بلند عمارتوں کی چھتوں پر سیکورٹی اہلکار اور اسنائپرز تعینات رہے۔
یوم عاشور