موبائل فون پر پابندی،پولیس افسران کیلیے نئی ہدایات جاری

110

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) آئی جی پنجاب نے پولیس اہلکاروں کے موبائل استعمال پر پابندی لگا دی تھی تاہم اب پولیس افسران کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس میں
بتایا گیا ہے کہ سی پی او راولپنڈی نے ہدایت نامے میں تبدیلی کر دی ہے جس کے بعد پولیس اسٹیشن پرعام سائلین کے موبائل فون لے کر جانے پر عائد پابندی اٹھا لی گئی ہے۔صرف ایس ایچ او اور ہیڈ محرر ٹچ اسکرین یا اینڈرائڈ فون رکھ سکیں گے۔پولیس افسران اور پولیس اہلکاروں پر اسمارٹ فون استعمال کرنے پا پابندی برقرار ہے۔واضح رہے کہ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے پولیس اہلکاروں کے موبائل استعمال پر پابندی لگا دی تھی۔ اے جی آپریشن نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ ارسال کردیا تھا۔جاری کردہ مراسلے کے مطابق مطابق ایس ایچ او اور انچارج سے نچلے رینک کا پولیس اہلکار ڈیوٹی کے دوران فون استعمال نہیں کرے گا۔ڈیوٹی کے دوران کوئی بھی اہلکار ویڈیو نہیں بنائے گا۔ ڈیوٹی پر موجود اہلکار اپنے کسی آفیسر کی ویڈیو بھی نہیں بنائے گا۔اگر کوئی اہلکار موبائل استعمال کرتا پایا گیا تو اسکے ساتھ انچارج کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔اس مراسلے کے بعد آئی جی پنجاب کو سخت تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔کہا گیا کہ پنجاب بھر میں پولیس کی جانب سے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور ان کی غیر قانونی حراست کے حوالے سے وڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد راولپنڈی پولیس نے اپنے گھناؤنے اقدمات کو چھپانے کیلیے یہ انوکھا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تھانے آنے والے کسی بھی شخص کے موبائل فون تھانے میں لے جانے پر پابندی ہوگی ، ان سے موبائل فونز تھانوں کے گیٹ پر جمع کرلیے جائیں گے۔تاہم اب پولیس افسران کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کے تحت عام شہری پولیس اسٹیشن پر موبائل لے کر جا سکتے ہیں۔
پنجاب پولیس