جے یو آئی کے لانگ مارچ میں شمولیت کا فیصلہ اے پی سی میں ہوگا، احسن اقبال

347

لاہور(صباح نیوز)سابق وزیر داخلہ اور ن لیگ رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے لانگ مارچ میں شمولیت کا فیصلہ اے پی سی میں کیا جائیگا، صلاح الدین کی گرفتاری اور گھر کا پتا چلنے کے بعد اہلخانہ سے رابطہ نہ کرنا مجرمانہ غفلت ہے۔ احسن اقبال موضع گورالی میں رحیم یار خان پولیس کے مبینہ تشدد سے جاں بحق صلاح الدین کے گھر پہنچے اور والد افضال احمد سے تعزیت کی،انہوں نے صلاح الدین کی ہلاکت، لیڈی کانسٹیبل کو تھپڑمارنے کے واقعے پر حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات نے پاکستان کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا ئے۔ انہوں نے کہا جس لیڈی کانسٹیبل کو تھپڑ مارا گیا، حکومت اسے بھی تحفظ فراہم نہ کر سکی، قانون اور انتظامیہ مکمل طور پر فیل ہو چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس صلاح الدین اور لیڈی کا نسٹیبل کے واقعات کا از خود نوٹس لیں۔ا نہوں نے کہا ایک سال کی حکمرانی میں ملک 10 سال پیچھے چلا گیا، اناڑیوں سے بربادی ہو سکتی ہے، ملک نہیں چلائے جا سکتے۔ حکمرانوں نے بند گلی میں ملک کھڑا کر دیا ہے جس سے نکلنے کا راستہ 2020 ء میں شفاف انتخابات ہے۔