ن لیگ نے سرکاری اسپتالوں کا نظام تباہ کردیا،یاسمین راشد

118

راولپنڈی (صباح نیوز)صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ بدعنوان ن لیگ کی حکومت نے پنجاب کے سرکاری اسپتا لوں کا بیڑاغرق کرنے میں کسر نہیں چھوڑی۔ڈینگی کے بڑھتے مریضوں کے علاج کی صورتحال دیکھنے کے لیے صوبائی وزیر صحت راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو اسپتال پہنچ گئیں۔ وائس چانسلر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عمر نے بریفنگ کے دوران وزیر صحت کو بتایا کہ گزشتہ برسوں کی نسبت رواں سال میں راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔وزیر صحت نے وارڈز میں جا کر مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال میں غفلت پر ایم ایس سیدھا گھرجائے گا، انسدادڈینگی مہم میں غفلت پرضلعی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جا ئے گی، تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کی مزیدسہولت کے لیے سہولیاتی مراکزقائم کیے گئے ہیں۔سرکاری اعدادو شمار کے مطابق جولائی سے اب تک 6افراد ڈینگی سے جاں بحق جبکہ 3 ہزار سے زاید افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے۔