حکمرانوں کے پاس نوازشریف کو ڈیل کی پیشکش کے سوا کچھ نہیں ،لیگی رہنماء

149

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)حکمرانوں کے پاس نواز شریف کو ڈیل کی پیشکش کے سوا کچھ نہیں۔لیگی رہنما۔تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما اس بات پر متفق ہیں کہ نواز شریف کو کی جانے والی پیشکش بحیثیت مجموعی ویسی ہی ہے جو انہیں جب وہ لندن میں تھے تو عام انتخابات جولائی 2018 سے پہلے دی گئی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کا جواب اس وقت بھی وہی تھا اور اب بھی واضح الفاظ میں یہی ہے کہ آپ نے جو میرے ساتھ کیا ہے اسے واپس لیں اور میرے خلاف کی گئی کارروائیوں پر علی الاعلان معافی مانگیں۔ مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کے پاس نواز شریف کو ڈیل کی پیشکش کرنے کے علاوہ کچھ نہیں، جب بھی کسی مقدمے میں ان کے خلاف فیصلے کا اعلان ہونے والا ہوتا ہے، ڈیل کے حوالے سے گفتگو مختلف فریقین کو پیغام دینے کیلیے جان بوجھ کر پھیلا دی جاتی ہے۔پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے اصولوں کیلیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں سے ان کی تذلیل کرنے اور بدنام کرنے کا ہر قدم اٹھایا گیا ہے، ان کی صاحبزادی کو ان کی آنکھوں کے سامنے گرفتار کیا گیا، وہ ان سے نہیں مل سکتیں، کیا آپ اس طرح کے کسی شخص سے ڈیل کی توقع کرسکتے ہیں جس نے اتنا کچھ برداشت کیا اور جمہوری مقصد کیلیے جامع تکلیف برداشت کر رہے ہیں۔نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں اہم وزارت رکھنے والے ایک اور نون لیگی رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرمیڈیا کو بتایا کہ وہ سابق وزیراعظم کو ڈیل پر قائل کرنے کیلیے ثالث کا کردار ادا نہیں کر رہے، ان پر بہتان لگایا جارہا ہے۔نواز شریف سے رابطے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے ان کا رابطہ چند افراد کے ذریعے ہے جنہیں جیل حکام نے ان سے ملنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان کی صحت کے حوالے سے پوچھتے رہتے ہیں اور اپنا سلام بھجواتے رہتے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون میں بعض افراد ایسے ہیں جو اپنے ہی علاقوں سے ووٹ حاصل نہیں کرپاتے، جو ان کی طرح کے رہنمائوں کو بدنام کرتے ہیں اور ڈیل کے حوالے سے افواہیں پھیلتے ہیں۔ انہوں نے ان کا نام بتانے سے انکار کردیا۔ ایک اور نون لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ انہوں نے سابق وزیراعظم کو کسی بھی ڈیل کیلیے قائل کرنے کی کوشش کبھی نہیں کی جو مسلم لیگ نون کیلیے تباہ کن ثابت ہوگی۔