مذہبی ہم آہنگی کا فروغ وقت کا تقاضاہے، وزیراعلیٰ پنجاب

128

لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اتحاد، اتفاق اور مذہبی ہم آہنگی کا فروغ وقت کا تقاضاہے، دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ یوم عاشور پر وضع کردہ سیکورٹی پلان پر100 فیصد عملدرآمدیقینی بنایا جائے گا کیونکہ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کر رہا ہے اور ہم نے ان کے مذموم عزائم مل کر ناکام بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشور پر امن وامان کی فضا یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا گیا،مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی کے لیے چاردرجاتی حصار بنانے کے لیے ہدایات دی گئیں،موجودہ حالات میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے پولیس کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے اختتام تک پولیس فورس اور متعلقہ عملہ ڈیوٹی پر موجود رہے اور فرائض کی ادائیگی میں مصروف پولیس فورس اور دیگر عملے کے لیے کھانے پینے کے بہترین انتظامات ہونے چا ہییں۔ انہوں نے محرم الحرام کے لیے تشکیل دی گئی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو ہدایت دی کہ کمیٹی امن وامان وضع کردہ پلان پر عملدرآمد کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ جاری رکھے،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔