واقعہ کربلا یزید ی حکمرانوں کیخلاف ڈٹ جانے کا نام ہے، حسین محنتی

335

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا درس انقلاب ہے جو اسلامی حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد اور یزیدی صفت حکمرانوں کیخلاف ڈٹ جانے کا نام ہے، نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓ نے اپنے خاندان سمیت دین حق کے لیے جام شہادت نوش کرکے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ کفر کی حکومت تو چل سکتی ہے مگر ظلم کی نہیں، انسانیت اور اسلام کے دشمنوں نے آج کشمیر، برما، فلسطین سمیت پوری دنیا میں ظلم وبربریت سے معرکہ کربلا پربا کررکھا ہے اس لیے حق وسچ کا ساتھ اور ظلم کیخلاف ڈٹ جانا ہی پیغام شہادت حسینؓ ہے۔انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ حق وباطل کا معرکہ ازل سے ابد تک جاری رہے گا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور کرفیو کو آج35دن گزرگئے یہ بدترین ریاستی دہشتگردی ہے، کشمیر کی افسوس ناک صورتحال پر انسانی حقوق کی تنظیمیں وعالمی ضمیر کی خاموشی لمحہ فکرہے۔ واقعہ کربلا ہمیں اسلام کے غلبہ اور نتائج کی پروا کیے بغیر باطل سے ٹکرانے کا درس دینے کے ساتھ اس کے راستے میں آنے والی مشکلات میں صبر و استقامت ،ایثار وقربانی کی تاکید کرتا ہے۔صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت اور علما کرام کی ذمے داری بنتی ہے کہ یوم عاشور سمیت محرم الحرام میں قیام امن اور تمام مسالک کے درمیان ہم آہنگی کی فضا کو یقینی بنایا جائے۔