ہانگ کانگ میں طلبہ کا انسانی زنجیر بناکر حکومت مخالف احتجاج

167
ہانگ کانگ: اسکولوں کے طلبہ ہاتھوں کی زنجیر بنا کر حکومت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں
ہانگ کانگ: اسکولوں کے طلبہ ہاتھوں کی زنجیر بنا کر حکومت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں

ہانگ کانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) ہانگ کانگ میں ثانوی اسکولوں کے سیکڑوں طلبہ نے حکومت سے مطالبات منظور کرانے کے لیے کئی مقامات پر انسانی زنجیر بنائی۔ طلبہ نے پیر کی صبح کلاسیں شروع ہونے سے قبل 170 سے زائد اسکولوں میں ہاتھ پکڑ کر انسانی زنجیر بنائی اورپولیس کی سفاکیوں کے خلاف غیرجانبدار پینل قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں کئی ماہ سے جاری مظاہروں کے بعد حکومت نے متنازع بل سے دستبردار کا اعلان کردیا ہے،تاہم مظاہرین اب اپنے بنیادی حقوق کے حوالے سے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب چین نے خبردار کیا ہے کہ وہ ہانگ کانگ کو چین سے الگ کرنے کی کوششیں برداشت نہیں کرے گا۔ چینی حکام نے اتوار کے روز ہانگ کانگ میں امریکی قونصل خانے کے سامنے ہونے والے احتجاج پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ بیجنگ حکام نے مظاہرین کو خبردار کیا کہ حکومت کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔ بیجنگ نے الزا م عائد کیا کہ چین مخالف عالمی قوتیں ہانگ کانگ میں ہونے والے مظاہروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔ سرکاری خبر رساں ادارے ین ہوا کے مطابق چینی حکام نے واضح کر دیا ہے کہ ہانگ کانگ میں اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو مظاہرین کو بھاری قیمت چکانی پڑی گی۔