شام میں بمباری ، 18 ایران نواز جنگجو ہلاک

182

 

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں نامعلوم طیاروں کی بم باری میں ایرانی فوج اور اس کی حلیفملیشیاؤں کے 18 ارکان مارے گئے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق نے پیر کے روز اپنی رپورٹ میں بتایا کہ عراقی سرحد کے قریب البوکمال کے علاقے میں ایرانی فوج اور اس کی ہمنوا ملیشیاؤں کے کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ مارے گئے جنگجوؤں کی شہریت ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب عراق کے سرحد علاقے القائم کے متوازی شامی علاقے البوکمال میں 3 زور دار دھماکے سنے گئے۔ مقامی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ دھماکوں میں عراقی ملیشیا حشد الشعبی کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں حشد میں شامل ملیشیاؤں کے ارکان ہلاک اور زخمی ہو ئے۔ شامی مبصر کا کہنا ہے کہ دھماکے لڑاکا طیاروں کی بم باری کے نتیجے میں ہوئے، تاہم ان طیاروں کی شناخت ابھی تک نامعلوم ہے۔ امریکی خبر رساں ایجنسی نے شام کی ایک اپوزیشن جماعت کے حوالے سے بتایا کہ فضائی حملوں میں ایران نواز عراقی ملیشیا حشد الشعبی کے ہتھیاروں کے گودام کو نقصان پہنچا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے پیر کے روز دعویٰ کیا کہ القدس فورس کی زیر قیادت ایرانی ملیشیاؤں نے دمشق کے اطراف سے اسرائیلی اراضی پر راکٹ داغنے کی کوشش کی، تاہم یہ کوشش ناکام رہی۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ پیر کی صبح شام سے کئی راکٹ داغے گئے، تاہم ان میں سے کوئی بھی اسرائیل کے اندر نہیں پہنچ سکا۔ اسرائیلی فوج نے شامی اراضی سے کی گئی ہر کارروائی کا ذمے دار اسد حکومت کو ٹھہرایا۔ ادھر لبنانی تنظیم حزب اللہ نے پیر کی صبح دعویٰ کیا کہ اس نے اسرائیل کا ایک ڈرون طیارہ اس وقت مار گرایا جب وہ لبنان کی جنوبی سرحد عبور کر رہا تھا۔ تنظیم کے مطابق اسرائیلی ڈرون طیارے کا رخ لبنان کے جنوبی قصبے رامیہ کی جانب تھا اور قصبے کے اطراف مار گرائے جانے کے بعد طیارہ اس کے جنگجوؤں کے پاس ہے۔ جب کہ اسرائیلی فوج نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں ایک چھوٹا ڈرون جاسوس طیارہ گر گیا جو معمول کے مشن پر تھا اور معلومات افشا ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔ اس سے قبل حزب اللہ یہ دھمکی دے چکی تھی کہ وہ لبنانی فضائی حدوں کی خلاف ورزی کرنے والے اسرائیلی ڈرون طیاروں کو نشانہ بنائے گی۔ تنظیم نے اسرائیل پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے اس نوعیت کے 2 طیاروں کے ذریعے 25 اگست کو بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ میں تنظیم کے گڑھ پر حملہ کیا تھا۔ اسرائیل کا ڈرون طیارہ مار گرائے جانے کا تازہ واقعہ لبنانی اسرائیلی سرحد پر دیکھی جانے والی محدود کشیدگی کے ایک ہفتے بعد پیش آیا ہے۔ حزب للہ نے یکم ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ اس نے سرحد کی مقابل سمت اسرائیل کی ایک فوجی گاڑی کو تباہ کر دیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی اڈے پر 3 ٹینک شکن میزائل داغے تھے۔ اس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے لبنان کے سرحدی قصبوں کے اطراف تقریباً 100 راکٹ داغ ڈالے۔