بھارت غیر ملکیوں کے کیے جنوی ایشیا کا خطرناک ترین ملک بن گیا

129

 

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) تارکین وطن کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم ’انٹرنیشن ‘نے بھارت کو غیر ملکیوں کے لیے جنوبی ایشیا کا خطرناک ترین ملک قرار دے دیا۔ انٹر نیشن نے اپنے حالیہ سروے کے بعد غیر ملکیوں کے لیے دنیا کے بہترین اور خطرناک ممالک کی فہرست جاری کی، جس میں سیکورٹی اور تحفظ کے اعتبار سے بھارت کو جنوبی ایشیا کا خطرناک ترین ملک قرار دیا۔ انٹر نیشن 64 ممالک میں کام کر رہی ہے اور ان افراد کی معاونت کرتی ہے جو اپنا ملک چھوڑ کر دوسرے ممالک میں رہایش پزیر ہیں۔ سروے میں 182 ممالک سے تعلق رکھنے والے 20 ہزار 259 افراد کی رائے لی گئی۔ رائے دہندگان میں وہ لوگ شامل تھے جو آبائی ملک چھوڑ کر دنیا کے دیگر 187 ممالک میں مقیم ہیں۔ انٹر نیشن نے سیکورٹی اور تحفظ کے لحاظ سے جنوبی ایشیا کے خطرناک ترین ممالک میں بھارت کو پہلا نمبر دیا ہے جب کہ دنیا کے خطرناک ممالک میں بھارت کا پانچواں نمبر ہے۔ بھارت کے سواجنوبی ایشیا کا کوئی ملک 10 خطرناک ممالک کی فہرست میں شامل نہیں ہے۔ سروے کے دوران بھارت میں رہایش پزیر آسٹریلوی شہری کا کہنا تھا کہ وہاں ایک مخصوص سوچ پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ آلودگی، سیاست اور سماجی مسائل بھی بھارت میں آباد غیر ملکیوں کے لیے بڑا مسئلہ ہیں۔ سروے کے مطابق عالمی سطح پر غیر ملکیوں کے لیے خطرناک ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر برازیل ہے جب کہ برطانیہ اور امریکا بھی فہرست میں بالترتیب تیرہویں ویں اور سولہویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان غیر ملکیوں کے لیے خطرناک ترین ممالک کی فہرست کے ابتدائی 20 ممالک میں بھی شامل نہیں۔ ادھر بھارت کو جنوبی ایشیا کا خطرناک ترین ملک قرار دیے جانے پر بھارتی شہری سوشل میڈیا پر سخت ردِّ عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ کئی بھارتی شہریوں نے اعتراض کیا ہے کہ 20 خطرناک ترین ممالک میں پاکستان، شام، افغانستان اور عراق کو کیوں شامل نہیںکیا گیا۔