اے این پی کا سب سے بڑا گناہ پختونوں کے حقوق کی جدوجہد ہے

110

پشاور (آئی این پی )عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی کا سب سے بڑا گناہ پختونوں کے حقوق کے لیے اُٹھ کھڑا ہونا ہے۔ اے این پی کے دور حکومت میں طرح طرح کے الزامات لگائے گئے لیکن پچھلے چھے سال سے ہمارا ایک عہدیدار، ایم این اے، ایم پی اے یا وزیر کرپشن کے الزام میں نہیں پکڑا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اے این پی پر پختونوں کے حقوق کے لیے کھڑے ہونے کی وجہ سے الزامات لگائے گئے۔ باچا خان مرکز پشاور میں این وائی او کے صوبائی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی پچھلی حکومت میں احتساب کمیشن اے این پی کے لیے ہی بنایا گیا تھا لیکن جب اے این پی کیخلاف کچھ ثابت نہیں ہوا تو اُس احتساب کمیشن کو تالے لگ گئے کیونکہ احتساب کمیشن اے این پی کے ایک ورکرپر بھی کیس نہیں بنا سکا اور جب اُسی احتساب کمیشن نے پی ٹی آئی پر کیسز بنانا شروع کیے تو اُس کو تالے لگائے گئے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ جو سیاسی کارکنان اے این پی پر تنقید کرتے ہیں اُن کو اپنی سیاسی پارٹیوں کا اندازہ بھی ہونا چاہیے۔ آج وہ جماعتیں بھی اے این پی کے تنظیمی ڈھانچے پر تنقید کرتی ہیں جن کا اپنا مرکزی صدر پچھلے 32 سال سے صدر بنا بیٹھا ہے۔