دینی مدارس ومساجد اسلام کے مضبوط قلعے ہیں، حزب اللہ جکھرو

157

سکھر (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر وممبر مرکزی مجلس شوریٰ جماعت اسلامی پاکستان مولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ دینی مدارس ومساجد اسلام کے مضبوط قلعے ہیں، حسینی کردار کے حامل ھر سازش کو ناکام بنا دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے درالعلوم تفہیم القرا ن سکھر میں جمعیت طلبہ عربیہ سکھر کے یوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، یوم تاسیس کے اجتما ع سے مولانا محمد افضل امین جمعیت طلبہ عربیہ سندھ،معاون امین حافظ نعیم اللہ جکھرو،مولانا بشیر احمد لاشاری،مولانا عبدالعزیز تنیو،سلطان احمد بگٹی منتظم سکھر نے بھی خطاب کیا۔مولانا حزب اللہ جکھرو نے مزید کہا کہ ممبر ومحراب سے قرآن وسنت کا پیغام نئے جذبہ اور ولولے کے ساتھ عوام تک پہنچایا جائے گا، مدارس کے لاکھوں طلبہ سربکف ہوکر مغرب اور استعماری قوتوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ جمعیت طلبہ عربیہ نے تھوڑے عرصہ میں مدارس سے فروعی اختلافات کے خاتمے میںاہم کردار ادا کیا ہے، مستقبل حاملین قرآن وسنت کا ہے،جو ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کا ہر بچہ حسینی ہے اور اسلامی حکومت کے لیے جدوجہد کو اپنا مشن سمجھتے ہیں، انہوں نے حکومت کی اسلام دشمن پالیسیون کی مذمت کی،ختم نبوت کا قانون دستور کا حصہ ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر من وعن عمل کیا جائے تو ملک میں بدامنی، بے حیائی، فحاشی، اسلام دشمنی میں کمی آجائے گی۔