پولیس مقابلے اور کارروائیوں میں زخمی ملزم سمیت 10 گرفتار

114

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلے اور دیگر کارروائیوں کے دوران زخمی ملزم سمیت 10 ملزمان کو گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ موٹر سائیکلیں ودیگر سامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود سیکٹر B-6قبرستان کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جسے پولیس نے اس کے ساتھی سمیت گرفتا ر کرلیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی ۔پولیس نے بتایا کہ زخمی ملزم کی شناخت عبید کے نام سے ہوئی جبکہ اس کے ساتھی کی شناخت شعیب کے نام سے ہوئی ہے ملزمان کے قبضے سے دو پستول ، موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ ملزمان چند روز قبل ہی جیل سے رہا ہو کر آئے تھے اور دوبارہ وارداتیں شروع کردی تھیں ۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ مدینہ کالونی پولیس نے پانچ ملزمان غلام حسین، تیمور عرف نادر، شاہد، سلیم اور محمد سعید کو گرفتارکرکے اسلحہ ،آدھاکلو گرام چرس اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ سولجربازارانوسٹی گیشن پولیس نے ملزم محمداکرام کو گرفتارکرکے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ عوامی کالونی پولیس نے دو ملزمان امتیاز علی اور کاشان کو گرفتارکرکے اسلحہ اور زمان ٹائون تھانے کی حدود سے چوری شدہ موٹرسائیکل برآمدکرلی،ایک اور کارروائی میں گٹکا فروش محمد اعجاز کو گرفتارکرلیا گیا۔