۔9محرم کے جلوس کی حفاظت کے لیے 10ہزار اہلکار تعینات

284
نیو ایم اے جناح روڈ پر رینجرز کے اہلکار جلوس کی آمد سے پہلے چاق و چوبند کھڑے ہیں
نیو ایم اے جناح روڈ پر رینجرز کے اہلکار جلوس کی آمد سے پہلے چاق و چوبند کھڑے ہیں

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں نشتر پارک سے نکلنے والا نویں محرم کا ماتمی جلوس کھارادر میں محفل شاہ خراسان میںختم ہو گیا۔اس موقع پر حفاظتی اقدامات کے لیے فوج، رینجرز اور پولیس کے ہزاروں اہلکار تعینات کیے گئے تھے ۔کراچی میںسیدالشہدا امام حسینؓ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 9 محرم الحرم کا مرکزی ماتمی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا ،جلوس کی قیادت علامہ صفدر زیدی اور سرور زیدی نے کی۔جلوس سے قبل نشتر پارک میں مرکزی مجلس برپا کی گئی، مجلس کے بعد جلوس کے شرکا نے مزار قائد کے سامنے نماز ظہرین ادا کی،نماز ظہرین کے بعد جلوس پیپلزسیکرٹریٹ، نیو ایم اے جناح روڈ، کوریڈور تھری سے ہوتا ہوا صدر ایمپریس مارکیٹ اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارا در حسینیان ایرانیان امام بارگاہ پر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا،جلوس کی سیکورٹی کے لیے 10 ہزار سے زائد پولیس،رینجرز اورسادہ لباس اہلکار تعینات کیے گئے۔ جب کہ اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کے دستے بھی موجود تھے ۔قبل ازیں جلوس کی گزرگاہوں اور اطراف کی سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز، ٹرک، ٹرالرز اور قناتیں لگا کر سیل کر دیا گیا، سراغ رساں کتوں کی مدد اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جلوس کی گزر گاہوں کی سوئپنگ بھی کی ،جب کہ جلوس کی فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا بھی اہتمام کیاگیا تھا، بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز سیکورٹی اہلکار بھی تعینات تھے ۔شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پا بندی کے علاوہ جلوس کے روٹ پر موبائل فون سروس بھی معطل کردی گئی تھی ۔