واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان کائنات کا عظیم معرکہ ہے‘مصطفی کمال

390

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان کائنات کا سب سے عظیم معرکہ ہے جس میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور انکے خاندان نے حق کی سربلندی کی خاطر جو لازوال قربانی پیش کی وہ رہتی دنیا کے انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے، واقعہ کربلا غیر متزلزل ایمان، بہادری، استقامت، جرات، صبر اور ایثار کی لازوال مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا حق پر ثابت قدم اور باطل سے ٹکرا جانے میں کسی بھی حد سے گزر جانے کا سبق دیتا ہے۔سیدناحضرت امام حسینؓ اور اہل بیت نے اسلام کی بقا و سلامتی کے لیے جو عظیم قربانی پیش کی ہے اس کی تاریخ انسانی میں مثال ملنا ناممکن ہے، انہوں نے کہا کہ جو قومیں خاموش رہ کر حق پر کھڑی اور باطل کے آگے ڈٹتی نہیں وہ ظالم یزید کی ساتھی ہیں اور انکا انجام بھی عبرتناک ہوتا ہے کیونکہ ظالم صرف وہ نہیں جو ظلم کر رہا ہے بلکہ ظالم وہ بھی ہے جو ظلم پر خاموش ہے، پی ایس پی حسینیت کی پیروکار ہے اور ظالم قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہے، ہماری جدوجہد ہے کہ قوم ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوکر اپنے فروعی اختلافات کو بھلا کر عالم اسلام کی ترقی کیلیے کام کرے اور اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، اتفاق اور یگانگت قائم رکھے۔