ظلم، جبر و استبداد کیخلاف آواز بلندکرنا اسوہ حسینی ہے‘مفتی نعیم

438

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ واقعہ کربلا عزم واستقلال صبرن و رضا اور ظلم کیخلاف اٹھنے کا درس دیتاہے، ظلم، جبر و استبداد کیخلاف آواز بلندکرنا اسوہ حسینی ہے،کشمیری مسلمانوں پر ظلم کی داستانیں رقم کی جارہی ہیں افسوس مسلمان اسوہ حسینی کو اپنانے کے بجائے بدعات ورسومات میں کھوچکے ہیں، اہل بیت کی عظیم قربانی امت مسلمہ کو حق و صداقت اور دین پر مرمٹنے کا درس دیتی ہے۔پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں یوم عاشور کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ تاریخ کا بدترین ظلم جس میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اہل خانہ سمیت بے دردی سے شہید کردیے گئے، آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا مدینہ سے کوفہ کا سفریزید کے ظلم وجبر کیخلاف آواز بلند کرنا تھا کوفیوں کی بے وفائی کے باوجود آپ نے صبرو استقامت سے ظلم کیخلاف آواز بلند کرکے حیات جاودانی پائی ، رہتی دنیا کیلیے حق و صداقت اور جرات و شجاعت کی وہ تاریخ رقم کی جس پر پوری انسانیت فخر کرتی ہے، انہوں نے کہاکہ دین سے دوری کی وجہ سے آج پوری دنیا میں مسلمان ظلم کا شکار ہیں کسی مسلمان حاکم کو ظلم کیخلاف آواز بلند کرنے کی جرات نہیں ہورہی ، واقعہ کربلا کاحقیقی سبق ظلم کیخلاف آواز بلند کرنا اور دین الٰہی کیلیے مرمٹنا تھا۔ آج دنیا کیلیے دین کو نقصان پہنچایا جارہاہے ،انہوںنے کہاکہ آج ہمیں اہلبیتؓ واصحاب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے یہی دین کا تقاضا اوریہی واقعہ کربلا کا حقیقی سبق تھا۔