صوبائی وزیراطلاعات کانشتر پارک کادورہ‘انتظامات کاجائزہ لیا

102

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے پیر کے ر وز وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر وقار مہدی اور راشد ربانی کے ہمراہ نشتر پارک میں 9 محرم الحرام کی مجلس میں شرکت کی ۔صوبائی وزیر نے مجلس اور بعد ازاں جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس مو قع پرصوبائی وزیر سے گفتگو کرتے ہوے مجلس اور جلوس کے منتظمین نے انتظامات اور سیکورٹی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے منتظمین کو بتایا کہ جلوس کے راستے میں کچھ مقامات پر سیوریج کے مسئلے نظر آنے پر انہوں نے فوری طور پر ایم ڈی واٹر بورڈ اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمیں افسوس ہے کہ بوری مافیا ان دنوں میں بھی سیوریج کی لائنوں میں بوریاں ڈال کر جلوس کے شرکاکو پریشانی میں مبتلا کر نے میں مصروف ہے ۔سعید غنی نے کہا کہ گزشتہ شب بھی بابائے اردو روڈ پر اسی طرح کی بوریاں سیوریج کی لائنوں اور مین ہولز سے برآمد ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلوس کے منتظمین اور شرکاکے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔سندھ حکومت کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ جلوس کے راستے میں کسی قسم کی عزاداروں کو مشکلات پیش نہ آئیں۔