باطل کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا حسینیت ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

293

مظفر آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ باطل کے سامنے کلمہ حق بلند کر ناحسینیت ہے،کربلا میں امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ اوراْن کے رفقا ء نے عظیم قربانی پیش کی اور اسلام کو زندہ کیا،امام عالیٰ مقام کی دین حق کی سربلندی کے لیے دی گئی قربانی قیامت تک زندہ وجاوید رہے گی۔ یوم عاشور کے موقع پر جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ واقعہ کربلا تاریخ اسلام کا ناقابل فراموش واقعہ ہے ،جب حضرت امام حسین ؓ اور اْن کے جانثاران نے دین مصطفیٰ کی سربلندی کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے اور قربانیوں کی ایسی تاریخ رقم کی جس کی تاریخ انسانی میں مثال نہیں ملتی ،حضرت امام عالیٰ مقام کی قربانی تحمل ،برداشت،حریت ، اخلاص،ظلم وجبر کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے، حضرت امام حسین ؓ کی قربانی سب کے لیے مشعل راہ ہے اور اْن قوموں کے لیے مینارہ نور ہے جو آزادی کے لیے مصروف عمل ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کریں اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔